نوازشریف کی واپسی ،بلوچستان کی تقدیر بدل دیگی ،جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے امیر مولانا ڈاکٹر علی محمد ابو تراب نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی واپسی کے بعد بلوچستان اور پاکستان کی تقدیر بدل جائے گی جس طرح انہوں نے ماضی میں اقتدار میں آنے کے بعد ملک اور قوم کو درپیش گھمبیر مسائل سے چھٹکارا دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ان کی قیادت میں ملنے والے وفد ڈاکٹر علی جان بلوچ، مفتی سمیع اللہ، ڈاکٹر محمد ایوب، مولانا زر عثمانی، امین اظہر، مولانا رحمتی ، عبدالحمید کے ہمراہ جمال شاہ کاکڑ سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حیدر خان اچکزئی، شاکر محمد حسنی اور نثار خان بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے وطن واپس آکر پاکستان اورقوم کو درپیش مہنگائی اور بے روزگاری ، بدامنی ، معاشی ، اقتصادی اور دیگر مسائل کے بھنور سے نکالنے کے لئے اپنی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔ کیونکہ ان میں وہ صلاحیتیں موجود ہیں جن کو وہ اپنی ٹیم کے توسط سے بروئے کار لاتے ہوئے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر ایوان میں پہنچ کر پاکستان کو ان سلگتے ہوئے مسائل اور بحرانوں سے نکالیں گے۔ دونوں رہنماﺅں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت وفاقی سطح پر اور بلوچستان میں ایک دوسرے اتحادی ہیںا ور ہم نے ملکر یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کے ساتھ بے روزگاری ، مہنگائی اور بد امنی کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو معاشی اور اقتصادی طور پر مضبوط بناتے ہوئے ایک بار پھر اپنے پاﺅں پر کھڑا کرکے ایک باوقار قوم کو ترقی یافتہ پھلتا پھولتا اور آگے بڑھتا ہوا پاکستان دینا ہے ہمیں امید ہے کہ ہم نے ملکر میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں تاکہ پاکستان اور بلوچستان کی ایک بار پھر تقدیر بدل کر ان مشکلات سے چھٹکارا دلا سکےں۔