ہم سب مل جل کر اور اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ملک کی سالمیت اور تعمیر وترقی کیلئے کام کریں،گورنربلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک )گورنربلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج قیام پاکستان کی سالگرہ کے موقع پر جشن آزادی منا رہے ہیں. یہی وہ دن ہے جب پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کی حیثیت سے معروض وجود میں آیا تھا اور برصغیر کے مسلمانوں نے ایک غیر قوم غلامی سے نجات حاصل کی تھی
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہمارے بزرگوں نے ایک طویل جدوجہد کی اور بیش بہا جانی و مالی قربانیاں دیکر اس نعمت کو حاصل کیا. انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم تحریک آزادی کے شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے خود تکلیفیں اٹھا کر ہمارے لئے یہ وطن حاصل کیا.
گورنر یاسین زئی نے کہا کہ انہوں نے تو اپنا فرض ادا کر دیا. اب یہ ہماری اور خاص طور پر نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ اس آزادی کو ہمیشہ قائم ودائم رکھیں اور وطن عزیز کی سلامتی، عزت ووقار اور ترقی کیلئے خلوص نیت، بلند حوصلہ اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ مصروف عمل رہیں
انہوں نے کہا کہ آج ملک کے جو حالات ہیں وہ اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ پوری قوم ایک مرتبہ پھر اپنے آپ میں وہی جذبہ، اتحاد واتفاق اور یکجہتی پیدا کرے جس کا مظاہرہ تحریک پاکستان کے دوران کیا گیا تھا تاکہ ہم سب مل جل کر اور اپنے باہمی اختلافات کو بھلا کر ملک کی سالمیت اور تعمیر وترقی کیلئے کام کریں. انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ملک کو اپنی حفاظت میں رکھے اور ہمیں اپنے وطن کی خدمت کرنے کی ہمت اور توفیق عطا فرمائے۔