تربت بازار میں ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے کے قریب دھماکہ، 7 افراد زخمی
تربت (نمائندہ خصوصی)ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت بازار میں ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد بڑیچ کے قافلے کے قریب دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں چھ لیویز اہلکاروں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔ تاہم ڈپٹی کمشنر حملے میں محفوظ رہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والا بم ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو قافلے کے گزرنے کے وقت دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد سی ٹی ڈی بلوچستان کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے۔
زخمیوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال تربت منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔