پنجاب نے ترقی کے عمل میں بلوچستان کو اپنا حصہ دار بنا رکھا ہے: فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب کی ہمدرد فاؤنڈیشن کی تقریب میں شرکت اور میڈیا سے گفتگو
لاہور( ویب ڈیسک ) پنجاب ترقی کے عمل میں بلوچستان کو اپنا حصہ دار سمجھتا ہے۔ بلوچ طلبا کو پنجاب کی یونیورسٹیوں میں تعلیمی وظائف کی فراہمی، تربت میں 100بیڈز کے ہسپتال کا تحفہ اور تفتان میںزائرین کی سہولت کے لئے ایک ارب روپے کا فنڈ جیسے بے شمار اقدامات پنجاب کی اہل بلوچستان سے انمٹ محبت کا درخشاں اظہار ہیں۔
سیاسی گدھوں نے شہدائے کوئٹہ کے غم میںٹسوے بہا کرسیاسی دکاندار چمکائی ، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ادوار میں بلوچستان میں دہشت گردی سے ہونے والے نقصان پر ظل سبحانی اور جعلی راجکماری کبھی مظلوموں کے آنسو پہنچنے کے لئے بلوچستان نہ پہنچے
شہدائے ہزارہ کے سب سے بڑے ہمدرد بننے والے اپنے دور کے سفاک ترین قاتل تھے جو اب شہداء کی میتوں پر اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج ایک مقامی ہوٹل میں ہمدرد فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب میں ہمدرد فاؤنڈیشن کی طرف سے زیرتعلیم بچوں کے والدین میں وظائف اور تعلیمی اسناد تقسیم کیں۔معاون خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکیم سعید نے اپنے اداروں ، رسالوں اور فلاحی تنظیم ہمدرد فاؤنڈیشن کے ذریعے پاکستان کی نئی نسل کو معاشرے کا کارآمدشہری بنانے کے لئے بے مثال خدمات سرانجام دیں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی حکیم سعیدکے ویژن کو آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں،
ہماری حکومت کا بھی نعرہ وہی ہے کہ دو نہیں ایک پاکستان اور یکساں نصاب تعلیم۔حکیم صاحب نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے کاروبار کا ایک بڑا حصہ وقف کردیا تھا اور طالبعلموںکو وظائف دے کر انہوںنے اس قوم کی تعمیر نو میںاپنا حق خوب ادا کیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ ہزارہ کے دلخراش واقعہ کے بعد سب کی نگاہیں وزیراعظم پر مرکوز تھیں پوری قوم متاثرین ہزار ہ کی مشکور ہے کہ انہوں نے شرپسندوں کی ایک نہ سنتے ہوئے صبر حسین کا عملی مظاہرہ کیا
اور وزیراعظم کی بات پر لبیک کہتے ہوئے شہداء کی تدفین کردی ۔وزیراعظم نے شہدا ء ہزارہ کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے اس روڈ میپ کا تفصیل سے ذکر کیا ہے جس کے تحت بلوچستان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں بنیادی قردار ادا کرے گا اور بلوچ عوام کے مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کے نام پر ترقی کے جو پیکیج دیئے گئے ان سے چند مخصوص بلوچ خاندان مستفیدہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے لئے مگرمچھ کے آنسو بہا کر نڈھال ہونے والے سیاسی عناصر کے اپنے ادوار میں بلوچستان کودہشت گردی کے ہاتھوں بے پناہ نقصان اٹھانا پڑا،
اب ان نادان سیاسی دوستوں کو اپنی سیاست کو زندہ رکھنے کے لئے کوئی نہ کوئی ایشو چاہیے۔وزیراعظم پاکستان اس وقت تک کوئٹہ نہیں گئے جب تک بلوچستان کے عوام کے مسائل کے جامع حل کے لئے ایک پیکیج تیار نہیں ہوگیا ہم وزیراعظم کے دست وبازو بن کر پاکستان کے اندرونی و بیرونی محاذ کر مصروف عمل مخالفین کو شکست دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکیم سعید کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے مدعی آگے بڑھیں ہم حکومتی سطح پر ان سے دو قدم آگے بڑھ کر قانون کی عملداری یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اداروں کو یرغمال بنا کر شخصیات کو زیادہ مضبوط بنانے کی بجائے رولزآف لاء کی عملداری یقینی بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ٹولے میںقول و فعل کا تضاد ہے۔پی ڈی ایم کے لوگ ایک ٹکٹ میںکئی مزے لینے کے لئے بہروپیوں کی طرح اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ یہ لوگ خود ہی اپنی اداؤں پہ ذرا غور کریں ہم عرض کریں گے
تو شکایت ہوگی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقی کا بہترین فارمولا نچلی سطح پر لیڈر شپ کی نرسریاں لگانے کے لئے بلدیاتی اداروں کا قیام ہے تاکہ جاتی امراء اور بلاول ہاؤس میںسونے کے چمچے لے کر پیدا ہونے والے نام نہاد لیڈروںکا راستہ روکا جاسکے،اس مقصد کے لئے بلدیاتی نظام کا بل پاس کرکے ہماری حکومت نے روڈ میپ طے کرلیا ہے ، کرونا کی وجہ سے ہمارے صوبے کا ترقیاتی لینڈ سکیپ متاثر ہوا تاہم حقیقی جمہوریت کا خواب رورل سپورٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے۔